مشمولات

Thursday, 11 August 2016

خط بنام صفی الرحمن راعین (اصلاح مضمون)۔

محترمی جناب صفی الرحمن راعین صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
                                امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوگا۔
گذشتہ دن جون ۲۰۱۶ کے دوسرے پندرہ روزہ میں کسی دن  جناب اجمل فرید مرحوم پر آپ کا ایک اور تازہ مضمون قومی تنظیم کے ادارتی صفحہ پر نظر نواز ہوا۔ اس مضمون میں میرے اس تقریظ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو منصور خوشتر کی کتاب اجمل فرید یادیں باتیں میں شامل ہیں۔ میرا یہ مضمون منصور بھائی کے مطالبے پر لکھا گیا تھا۔ آپ نے اس خاکسار عزیز کا نام بڑی شفقت اور محبت لیا ہے۔ حالانکہ آپ کا عزیز ابھی اس ناموری کا چنداں حقدار نہیں ہے۔ خیر آپ نے اپنے عزیز کو محبت دی ہے اس کےلیے  میں آپ کا شکر گذار ہوں۔
دوسرے آپ نے مضمون میں ڈاکٹر قمر الدین کے ایک مضمون کا حوالہ دیا  ہے جو عمر فرید کے بارے میں انہوں نے لکھا ہے۔ اس مضمون کے بارے میں ایک وضاحت بہت ضروری ہے۔ یہ مضمون چند سالوں قبل لکھا گیا تھا اور قومی تنظیم کے ادارتی صفحہ پر شائع ہوا تھا۔ در اصل یہ مضمون جناب شکیل احمد سلفی کا ہے جو انہوں نے عمر فرید کے بڑے بھائی ڈاکٹر سید عبد الحفیظ سلفی کے بارے میں لکھا ہے اور دار العلوم احمدیہ سلفیہ کے جمعیۃ ابنائے سلفیہ کی جانب سے ایک خصوصی مجلہ میں ڈاکٹر عبد الحفیظ  سلفی کی صحافتی خدمات کے حوالے سے شائع کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر قمر الدین نے اس مضمون میں جہاں جہاں ڈاکٹر سید عبد الحفیظ لکھا تھا وہاں عمر فرید لکھ دیا اور مضمون شائع کرادیا۔ بد دیانتی کی حد یہ کہ وہ اقتباسات جو ڈاکٹر سید عبد الحفیظ سلفی کے ہیں اور ان کے اداریوں اور مضامین سے لئے گئے ہیں ان کو بھی عمر فرید کے نام سے منسوب کردیا گیا ۔ اس مضمون پر وضاحتی خط میں نے اسی زمانہ میں لکھا تھا اور قومی تنظیم میں بھی بھیجا تھا مگر قومی تنظیم نے شائع نہیں کیا۔ بعد میں فاروقی تنظیم نے اس کو شائع کیا۔
فقط
آپ کا مخلص
احتشام الحق


No comments: